تین طلاق کے باوجود ساتھ رہنے والے رشتہ داروں سے تعلقات کا شرعی حکم

Answered by Mufti Naved Akhtar ·

Question

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔

حضرت، میرا ایک سوال ہے۔ میری امی کی چچازاد بہن کو طلاق دی ان کے شوہر نے سب کے سامنے، 6 سے زائد بار بولا لفظِ طلاق، پھر بھی وہ 6 سال سے دونوں ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔ کوئی بھی رشتہ دار اس بات کو غلط بھی نہیں کہہ رہا، کہتے ہیں حیض میں دی تھی، غصے میں دی تھی، فلاں فلاں۔

امی اپنی چاچی سے تو ملتی ہیں لیکن اپنی بہن سے نہیں، نہ ہی ہم انہیں اپنے یہاں کسی بھی تقریب میں بلاتے ہیں، اور ان کے سلام کا جواب دینا، اس کے بارے میں ہمیں کیسا رویہ رکھنا چاہیے؟ برائے مہربانی اس بارے میں رہنمائی فرما دیجیے، شریعت کیا کہتی ہے؟

جزاک اللہ خیراً کثیراً۔

Response

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

اولاً یہ سمجھ لینا چاہیے کہ حالتِ حیض میں دی گئی طلاق اگرچہ خلافِ سنت بلکہ گناہ ہے، لیکن شرعاً واقع ہوجاتی ہے۔ اسی طرح ایک ہی مجلس میں دی گئی تین صریح طلاقیں بھی واقع ہوجاتی ہیں۔ محض غصے کی حالت میں ہونا طلاق کے وقوع میں مانع نہیں، کیونکہ عموماً طلاق غصے ہی میں دی جاتی ہے۔ البتہ اگر غصے کی شدت سے عقل و ادراک میں غیر معمولی خلل پیدا ہوجائے تو اس کا حکم الگ ہے۔

لہٰذا اگر شوہر نے واقعی تین مؤثر طلاقیں دی تھیں تو نکاح ختم ہوچکا ہے، اور شرعاً دوبارہ نکاح جائز ہونے کی صورت پیش آئے بغیر دونوں کا میاں بیوی کی حیثیت سے رہنا قطعاً ناجائز ہے۔ محض حیض یا عام غصے کا عذر پیش کرنے سے واقع شدہ طلاقیں ختم نہیں ہوتیں۔

اگر تین طلاقوں کا وقوع ثابت ہوچکا ہو اور اس کے باوجود دونوں جان بوجھ کر ناجائز ازدواجی تعلق قائم رکھے ہوئے ہوں تو یہ سنگین معصیت ہے۔ ایسے عمل کو درست قرار دینا یا اس پر رضامندی ظاہر کرنا جائز نہیں۔ البتہ گناہ سے رضامندی ظاہر کرنے اور گناہ گار کے ساتھ اصلاح و خیرخواہی کی غرض سے تعلق رکھنے میں فرق ہے۔ کسی کے ناجائز عمل کو نظر انداز کرکے اس طرح بے تکلفانہ میل جول رکھنا کہ اس سے رضامندی ظاہر ہو، مداہنت میں داخل ہوسکتا ہے، جبکہ گناہ کو غلط سمجھتے ہوئے نرمی اور خیرخواہی سے اصلاح کی کوشش کرنا مدارات ہے، جو شرعاً پسندیدہ ہے۔

اسی لیے کھلم کھلا گناہ کرنے اور اس پر اصرار کرنے والوں سے اظہارِ ناراضی کے لیے غیر ضروری میل جول اور دعوتوں سے گریز کرنا جائز ہے، خصوصاً جب اس سے اصلاح کی امید ہو۔ فقہائے احناف نے فاسقِ معلن کی دعوت قبول نہ کرنے کی بھی تصریح فرمائی ہے تاکہ اسے معلوم ہو کہ اس کے عمل سے رضامندی نہیں ہے۔بہرحال, اس کا فیصلہ جرم کی سنگینی کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایسے رشتہ داروں سے ہر قسم کا تعلق ہمیشہ کے لیے ختم کردیا جائے۔ صلہ رحمی کے احکام اپنی جگہ باقی ہیں۔ لہٰذا اگر ملاقات یا گفتگو سے اصلاح کی امید ہو تو تعلق برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ اسی طرح ضرورت کے وقت مدد کرنا اور بیماری میں عیادت کرنا بھی جائز ہے۔

جہاں تک سلام کا تعلق ہے تو فقہائے احناف نے فاسقِ معلن کو سلام کرنے سے منع فرمایا ہے، اور اصلاحی ہجر کی صورت میں اس کے سلام کا جواب نہ دینے کی بھی گنجائش ہے۔ تاہم اگر جواب دینے سے اصلاح اور خیرخواہی کا راستہ کھلا رہتا ہو تو سلام کا جواب دینا بہتر ہے۔

خلاصہ یہ کہ آپ کی والدہ کا مذکورہ خاتون سے غیر ضروری میل جول محدود رکھنا اور انہیں اپنی تقریبات میں مدعو نہ کرنا شرعاً درست ہے، بشرطیکہ مقصد گناہ پر اظہارِ ناراضی یا اصلاح ہو۔ تاہم مناسب موقع پر خیرخواہی اور نصیحت کا راستہ بند نہ کریں۔ اگر قطع تعلق سے اصلاح کے بجائے ضد اور مزید بگاڑ پیدا ہونے کا اندیشہ ہو تو محدود تعلق اور نرمی سے سمجھانے کا طریقہ زیادہ مناسب ہوگا۔

البتہ آپ کی بیان کردہ صورتِ حال کے مطابق، چونکہ چھ سال کا طویل عرصہ گزر چکا ہے اور متعلقہ افراد کو اپنے اس عمل پر نہ کوئی ندامت ہے اور نہ ہی وہ اسے غلط سمجھتے ہیں، اس لیے بظاہر اس دوران ان کی اصلاح کی کوششیں بھی کی گئی ہوں گی۔ لہٰذا اگر واقعی سمجھانے کی کوششوں کے باوجود وہ اپنے طرزِ عمل پر مصر ہیں اور ان کی اصلاح کی کوئی معقول امید باقی نہیں رہی، تو آپ کی والدہ کا ان سے غیر ضروری میل جول ترک کرنا اور اظہارِ ناراضی کے طور پر فاصلہ اختیار کرنا شرعاً درست ہے، اس میں ان پر کوئی گناہ نہیں۔

اسی طرح دوسرے رشتہ داروں سے محض اس بنا پر قطع تعلق نہ کیا جائے کہ وہ ان افراد سے ملتے ہیں، بلکہ ان کے اپنے موقف اور طرزِ عمل کو دیکھا جائے - اصل مقصود گناہ سے روکنا اور اصلاح کی کوشش کرنا ہے، نہ کہ محض تعلقات ختم کرکے خاندان میں مستقل دشمنی پیدا کرنا۔

واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب۔

More questions